بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کی رکن، مہرہ بلوچ (@MahraJaleel)، نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 61ویں اجلاس کے دوران بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا۔
انہوں نے جاری جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور پاکستانی حکام کی جانب سے سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانے پر توجہ مبذول کرائی۔
مہرہ بلوچ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور احتساب کو یقینی بنانے اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔
ان کی تقریر کا مکمل متن درج ذیل ہے:
جنابِ صدر،
بلوچستان میں ایک پوری قوم کو محض اپنے وجود کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے۔ “انسدادِ دہشت گردی” کے نام پر پاکستانی ریاست نے قانون کو ایک ہتھیار بنا دیا ہے—اختلافِ رائے کو جرم قرار دیا جا رہا ہے، زندگیاں مٹائی جا رہی ہیں، اور ایک پوری قوم کی آواز کو خاموش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کا انسدادِ دہشت گردی ایکٹ بلوچ کارکنوں، طلبہ اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو نام نہاد “ممنوعہ افراد” قرار دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس لیبل کے ذریعے ان سے آزادی چھین لی جاتی ہے، ان کے سفر کے حق سے محروم کیا جاتا ہے، اور انہیں مسلسل خطرے میں رکھا جاتا ہے۔
صرف 2025 کے دوران، “پانک” ، جو بلوچ نیشنل موومنٹ کا شعبہ برائے انسانی حقوق ہے ، نے 1,355 جبری گمشدگیوں اور 225 ماورائے عدالت قتل کے واقعات دستاویزی شکل میں ریکارڈ کیے۔ یہ صرف اعداد و شمار نہیں ہیں، بلکہ وہ باپ ہیں جو گھروں سے اٹھا لیے گئے، وہ طلبہ ہیں جو تعلیمی اداروں سے اغوا کیے گئے، اور وہ لاشیں ہیں جو بطور انتباہ واپس کی گئیں۔
ڈاکٹر مہرنگ بلوچ، جو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد ہو چکی ہیں، کو من مانے طریقے سے گرفتار کیا گیا، انہیں طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا، اور صرف پُرامن جدوجہد کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ انٹرنیٹ کی بندش، وسیع پیمانے پر نگرانی، اور اجتماعی سزا معمول بن چکے ہیں، تاکہ دنیا بلوچستان میں ہونے والے مظالم کو نہ دیکھ سکے۔
جنابِ صدر، خاموشی ان جرائم کو تقویت دیتی ہے۔
ہم اس ایوان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان سے فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کو روکنے کا تقاضا کرے، تمام غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے بلوچ کارکنوں کو رہا کرے، اور جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات شروع کرے۔