زہری میں کرفیو اور سوراب میں فوجی آپریشن سے سنگین انسانی بحران،بی وائی سی کا شدید احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں جاری کرفیو اور سوراب کے علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشن کی شدید مذمت کی ہے۔

کمیٹی کے مطابق گزشتہ چار روز سے زہری مکمل کرفیو کی زد میں ہے، جس نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگ خوراک اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ گھروں میں بچے بھوک سے بلک رہے ہیں جبکہ مریض ادویات اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ تمام راستے بند ہونے کے باعث نہ صرف زہری بلکہ اس سے ملحقہ دیہات بھی مکمل طور پر محصور ہو چکے ہیں، اور ہزاروں لوگ آمدورفت سے محروم ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسی دوران سوراب کے علاقے لگھار اور گردونواح میں پاکستانی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ بھاری نفری نے علاقے میں داخل ہو کر گھر گھر تلاشی لی۔ متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے، دروازے اور کھڑکیاں توڑی گئیں اور لوگوں کے املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ خواتین اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، انہیں دھکے دیے گئے جبکہ گھریلو سامان اور فرنیچر کو بھی نقصان پہنچا۔

بی وائی سی کے مطابق یہ اقدامات پہلے سے مشکلات کا شکار مقامی آبادی کے لیے شدید انسانی بحران پیدا کر رہے ہیں، جو کرفیو اور فوجی کارروائیوں کے دوہرے دباؤ میں پس رہے ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور پاکستان اور اس کے اداروں کو جوابدہ بنائیں۔

Share This Article