کوئٹہ اور تربت میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی آفیسر سمیت 2 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور ضلع کیچ کے علاقے ہیرونک میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی )کا آفیسر سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

کوئٹہ سے موصولہ سیکورٹی ذرائع کے اطلاعات کے مطابق سمنگلی روڈ پر بورڈ آفس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سی ٹی ڈی آفیسر میٹھا خان کو قتل کر دیا۔

کہا جارہا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد اسے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بازار سے گھر واپس آ رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم اصل حقائق جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے ہیرونک میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت آصف ولد نزیر احمد سکنہ کرکی سنگ آباد کے نام سے ہوئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مقتول زمباد گاڑی کا ڈرائیور تھا۔

تاحال دونوں واقعات کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

Share This Article