بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی ) کے زیر اہتمام قائم احتجاجی کیمپ آج بروز ہفتہ تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6092ویں روز جاری رہا۔
اس دوران جبری لاپتہ محمود علی لانگو کے والدہ اور چھوٹی بچی نے احتجاج میں شرکت کی، اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
محمود علی لانگو کے والدہ نے کہا کہ ان کے بیٹے کی کیس لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کردہ حکومتی کمیشن میں زیر سماعت ہے، آج کمیشن کے حکم پر ان کے بیٹے کے بارے میں قائم جی آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر التجا کی، کہ اگر ان کے بیٹے پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے، اگر بےقصور ہے تو ان کی رہائی کو فوری طور پر یقینی بنا کر انہیں ذہنی کرب و اذیت سے نجات دلائی جائے۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کہ ایک شخص کی جبری گمشدگی کی وجہ ان کا پورا خاندان ذہنی کرب و اذیت میں مبتلا ہو جاتے، جس کی وجہ سے ان کے زندگی کے معمولات شدید متاثر ہوتے ہیں، اس سے ہم انسانی ہمدردی کے بنیاد پر حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ محمود علی لانگو سمیت تمام لاپتہ کی بازیابی کو یقینی بنائیں، تاکہ لاپتہ کے لواحقین کو زندگی بھر کی اذیت سے نجات مل سکے۔