حب سے جبری لاپتہ نوجوان کی گرفتاری کراچی سے ظاہر ، بی ایل اے سے تعلق جوڑ دیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کائونٹر ٹیرزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی سے مبینہ طور پر بی ایل اے کے ایک رکن کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کراچی کا کہنا ہے کہ اس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے بلوچ لبریشن آرمی کے رکن عصمت اللہ کو گرفتار کیا ہے۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شخص کے قبضے سے خودکش جیکٹ سمیت بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

تاہم سی ٹی ڈی کے اس دعوے کے برعکس مقامی سیاسی و انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، ان کے مطابق مذکورہ نوجوان کو آٹھ ماہ قبل بلوچستان کے کراچی سے متصل صنعتی شہر حب چوکی سے پاکستانی فورسز نے جبری لاپتہ کیا تھا۔

تنظیموں کے مطابق عصمت اللہ کو فورسز نے گزشتہ سال 24 جون کو حب کی مرکزی شاہراہ پر واقع برشنا ہوٹل کے قریب عوام کے سامنے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ جبری لاپتہ رہا، اب اسے منظرِ عام پر لاکر گرفتاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

اس سے پہلے بھی بلوچستان اور کراچی میں سی ٹی ڈی پر متعدد مرتبہ ایسے الزامات لگتے رہے ہیں جن میں پہلے سے حراست میں موجود افراد کو مسلح تنظیموں کا رکن ظاہر کرکے ان کی گرفتاری یا جعلی مقابلوں میں ہلاکتیں ظاہر کی گئی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article