بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ( وی بی ایم پی ) کے زیر اہتمام قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن نیاز محمد کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6088ویں روز جاری رہا۔
مختلف مکاتب فکر سےتعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا،اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔
انہوں نے جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا، اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
وی بی ایم پی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا، کہ ملکی ادارے ملکی سلامتی کے نام پر جبری گمشدگیوں اور لاپتہ بلوچوں کے ماورائے عدالت قتل کرنے کے سلسلے میں شدید تیزی لائی ہے، جو باعث تشویش اور ملکی قوانین و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا، کہ وہ جبری گمشدگیوں اور لاپتہ بلوچوں کے ماورائے عدالت کے سلسلے کا فوری اقدامات کریں، تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں، جن لاپتہ افراد پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے، اور جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ملکی قوانین کے تحت حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں جائے۔