خضدار: خاندان کے 11 افراد کی جبری گمشدگی کے بعد معمر خاتون بھی لاپتہ کردیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

خضدار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے رواں ماہ 18 فروری کو علاقے گزگی میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر مشکے نوکجو سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون حیات بی بی کو تحویل میں لے لیا۔ اہل خانہ نے کہا ہے کہ خاتون کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور تاحال ان کے بارے میں کوئی سرکاری معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق حیات بی بی کے شوہر فضل کریم اور دو بیٹے، نواز اور داد شاہ فضل، کو بھی مختلف اوقات میں خضدار اور حب چوکی سے جبری گمشدگی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔

مزید اطلاعات کے مطابق 8 فروری کو حب میں چھاپوں کے دوران اسی خاندان کے مزید سات افراد کو بھی تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ لاپتہ افراد میں عبدالرب، محمد رحیم، عبدالرازق، عبدالمالک، شاہ زیب، جہانگیر، شاہ میر اور نوروز شامل ہیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ایک ہی خاندان کے 11 افراد کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ان کی گرفتاری یا مقامِ حراست سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت کراچی سے بھی افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔

Share This Article