سوراب اور پنجگور سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سوراب اور پنجگور3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

سوراب کے علاقے ماراپ سے دو افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔

لیویز ذرائع کے مطابق مقتولین کی شناخت تیمور اور غلام مرتضیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تاہم تاحال کسی گرفتاری یا واقعے کے محرکات سے متعلق سرکاری موقف سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب پنجگور میں سی پیک روڈ پر کھجور فیکٹری کے قریب جہانزیب ولد محمد علی، سکنہ عیسیٰ سورگ نامی شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانزیب کو چار ماہ قبل مسلح افراد ایک گاڑی میں اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق اس دوران ان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ رواں مہینے کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً کیچ اور پنجگور میں درجنوں مسخ نعشیں برآمد ہوچکی ہیں جس پر شہری اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Share This Article