بلوچستان کے ضلع چاغی کے ایران سے ملحقہ سرحدی شہر تفتان میں ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔
ایل پی جی ٹینکر میں آگ گزشتہ شب لگی تھی اور یہ بعد میں ایک بڑے حصے پر پھیل گئی تھی۔
ایس پی چاغی محمد علی نے فون پر بتایا کہ تفتان میں واقع ایل پی جی پلانٹ پر ایک ٹینکر کھڑا تھا جس میں آگ لگی۔
انھوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ٹینکر میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے آگ ایک بڑے حصے پر پھیل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ سے دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو زخمی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان بھی آگ کی تپش کی زد میں آگئے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس پی چاغی نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اس کے ملبے سے دھواں ابھی تک اٹھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ کے باعث مالی لحاظ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں کیونکہ دکانیں، تیل کے ڈپو اور گودام وغیرہ اس کی زد میں آکر جل گئے ہیں۔
ایس ایس پی چاغی نے بتایا کہ نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
آگ بجھانے کی کوششوں میں جہاں مقامی فائر بریگیڈ کے عملے اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے حصہ لیا وہاں سرحد پار سے ایرانی فائر فائٹرز کی بھی مدد حاصل کی گئی۔