نوشکی سے شاعر ابصار بلوچ کا آبائی گھر مسمار، والد جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاکستانی فوج نے ایک اور گھر کو مسمار کردیا، اس دوران خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بناکر نزیر احمد بادینی کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا۔

نوشکی کے علاقے کلی شریف خان میں پاکستانی فوج نے گذشتہ روز نزیر احمد بادینی کے گھر کو ہیوی مشنری سے تباہ کردیا۔ نزیر احمد بادینی معروف شاعر ابصار بلوچ کے والد ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اس دوران فوج کے اہلکاروں نے گھر میں موجود خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو بلاتفریق شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین کے مطابق فورسز اہلکاروں نے خواتین کو بندوق کے بٹ ماریں۔

نزیر بادینی کے ایک جوانسال بیٹے و نامور فٹبال کھلاڑی بالاچ بادینی کو مئی 2024 میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ بالاچ بادینی اس سے قبل جبری گمشدگی کا نشانہ بنے تھے۔ مقامی افراد کے مطابق بالاچ بادینی کو پاکستانی خفیہ اداروں کی سرپرستی میں چلنے والے مسلح گروہ ‘ڈیتھ اسکواڈ’ کے ارکان نے قتل کیا تھا۔

اس سے قبل پاکستانی فوج نے نوشکی اور گوادر میں بی ایل اے کے سربراہ بشیر زیب بلوچ سمیت دیگر تین افراد کے آبائی گھروں کو بھی مسمار کیا تھا۔ مذکورہ گھروں میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء بہادر خان مینگل کا گھر بھی شامل تھا۔

Share This Article