بلوچ ریپبلکن پارٹی کے سربراہ نواب براہمدغ بگٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے حالیہ اعلان، جس میں جلاوطن بلوچ رہنماؤں بشمول مجھ پر انعام مقرر کیا گیا ہے، ایک شرمناک اقدام ہے جو پاکستانی فوج اور اس کی کٹھ پتلی حکومت کی نہایت پست ذہنیت کو بے نقاب کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سنگین اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور بامعنی اقدامات کرنے کے بجائے، وہ آوازوں کو خاموش کرنے اور اصل مسائل جیسے کہ جبری گمشدگیاں، وسائل کا استحصال، اور بنیادی حقوق کی عدم فراہمی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے سستے ہتھکنڈوں کا سہارا لیتے ہیں۔
نواب براہمدغ بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی قیادت بدعنوانی اور ذاتی مفادات میں اس قدر ڈوبی ہوئی ہے کہ قومی مفاد کے بجائے اپنی مالی منفعت کو ترجیح دیتی ہے، تو کوئی کیسے توقع کر سکتا ہے کہ وہ ایسے سنگین بحرانوں کو حل کر پائیں گے؟ یہ سب اس بات کو مزید واضح کرتا ہے کہ وہ کھلی بحث اور مسائل کے بامعنی حل تلاش کرنے کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں۔