پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پرمسلح افراد کے حملے میں ایک ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے دفاتر سے جاری بیان میں ان حملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے میں چار پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس سے قبل اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ پنیالہ کی حدود وانڈہ بڈھ میں مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان شدید زخمی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، گل بہار چوک کے مقام پر نامعلوم افراد نے تھانہ ہوید کی موبائل وین پر فائرنگ کی تھی۔