تربت و خاران میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ، ایک زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت اور خاران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

ضلع کیچ کے مرکز شہر تربت میں زاعت کالونی میں گذشتہ شب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان دکاندار ہلاک ہو گیا۔

فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول شاہان ولد ماسٹر سعید اپنی پرچون کی دکان میں بیٹھا ہوا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد دکان کے قریب رکے، شاہان پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا، تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

مقامی شہریوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تربت میں بدامنی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق آئے روز ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ اور جرائم کے واقعات نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے۔

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں۔

یاد رہے کہ بدھ کے روزتین اضلاع کیچ ، گوادر اور پنجگورپر مشتمل مکران ڈویژن بھر میں اغوا برائے تاوان ،بد امنی اور سیکورٹی فورسز کی ناکام اقدامات کے خلاف شٹرڈائون ہڑتال کی تھی جس کے پورے مکران میں کاربارومراکز دن بھر بند رہے ۔

دوسری جانب خاران میں سی پیک روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اقبال کبدانی نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی کو فوری طور پر کوئٹہ ریفر کردیا گیا ہے۔

واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔

Share This Article