خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایران کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا، ایرانی صدر

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای پر کسی بھی قسم کا حملہ ایرانی قوم کے خلاف جنگ تصور کیا جائے گا۔

اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کی ایک بڑی وجہ طویل عرصے سے امریکی دشمنی اور اس کی جانب سے عائد غیر انسانی پابندیاں ہیں۔

انھوں نے خبردار کیا کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ پر کسی بھی قسم کا حملہ ایرانی قوم کے خلاف جنگ تصور کا جائے گا۔

یاد رہے کہ سنیچر کے روز امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی جریدے پولیٹیکو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایران میں نئی ​​قیادت تلاش کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘

ٹرمپ نے آیت اللہ خامنہ ای کو ’ایک بیمار شخص‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی رہبرِ اعلیٰ کو ’اپنے ملک کو صحیح طریقے سے چلانا چاہیے اور لوگوں کو مارنا بند کرنا چاہیے۔‘

اس سے قبل بھی ٹرمپ متعدد بار ایران میں قیادت کی تبدیلی کی ضرورت کے متعلق بیان دے چکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے کہا کہ صدر ٹرمپ آنے والے ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Share This Article