بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گذشتہ رات ایم 8 سی پیک شاہراہ پر تربت اور دشت کے درمیان لوڈی جنگجاہ کے مقام پر مبینہ طور پر ناکہ بندی قائم کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے رات تقریباً 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک شاہراہ بند رکھی اور گاڑیوں کی چیکنگ کی۔
اطلاعات کے مطابق ناکہ بندی کے دوران قریب قائم پولیس چیک پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں مسلح افراد نے مبینہ طور پر حملہ کر کے پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا اور ان سے سرکاری اسلحہ ضبط کر لئے۔
دوسری جانب پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے ان اطلاعات کو بے بنیاد اور پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔
واقعے سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔اور نہ ہی کسی تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔