کراچی عدالت: بی وائی سی کے ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب سمیت 12 کارکنان باعزت بری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کراچی کے ایک عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) کے ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ سمیت 12 کارکنان کو باعزت بری کردیا۔

پیر کے روز سٹی کورٹ سول جج و جوڈیشنل مجسٹریٹ نعیم اختر نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ سمیت 12 کارکنان کو باعزت بری کرنے کا حکم جاری کیا۔

بری ہونے والے کارکنان میں سرفراز بلوچ، زین بلوچ، آفتاب بلوچ، قاضی امان اللہ، مراد بلوچ، وحید بلوچ، احمد نثار، احسان حمید، ساجد بلوچ، عامر بلوچ اور احسن فراز بلوچ شامل ہیں۔ یہ فیصلہ کلاکوٹ تھانہ میں درج مقدمہ نمبر 26/2026، زیر دفعات 124A، 123A، 341، 290، 148 اور 149، مورخہ 18 جنوری 2025 میں لگائے گئے الزامات کو ثابت نہ کرنے پر سنایا گیا۔

مقدمے کی پیروی سینئر ایڈووکیٹ عمران کلمتی بلوچ، ایڈووکیٹ ذاکر بلوچ، ایڈووکیٹ سعید بلوچ اور وسیم بلوچ نے کی۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 25 جنوری 2025 کو "بلوچ جینوسائیڈ ڈے” قرار دیتے ہوئے دالبندین میں راجی مچی کی کال دی تھی، جس کے تحت بلوچستان سمیت کراچی میں ریلیاں منعقد کرنے کی کال دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں لیاری اور شرافی گوٹھ ملیر میں بھی بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ریلیاں منعقد کیں، جنہیں سندھ اور بلوچستان حکومت نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بی وائی سی کے رہنماؤں، خواتین اور کارکنوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور مختلف جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا۔

ایک سال کی طویل پیشیوں کے بعد آج عدالت نے پروسیکیوشن کی جانب سے الزامات ثابت نہ کرنے پر تمام ملزمان کو مقدمے میں باعزت بری کرنے کا حکم جاری کیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ نے مقدمے میں بلامعاوضہ پیروی کرنے پر کراچی بار اور تمام بلوچ ایڈووکیٹس کا شکریہ ادا کیا۔

Share This Article