ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آباد، جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعات و حادثے میں خاتون سمیت 4 افرادہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آبا داور ، جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعات و حادثے میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں توکل چاٹ کی دکان پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ہلاک شخص کی شناخت مبارک ولد بشیر احمد ساوند کے نام سے ہوئی ہے جو چھتر فلیجی کا رہائشی تھا۔

فائرنگ کے اس واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں چھتر فلیجی سے تعلق رکھنے والا نبی بخش ولد سیف رحمان ساوند اور ڈیرہ مراد جمالی کا رہائشی نور حسن ولد لال حسن جتک شامل ہیں، جو موقع پر موجود ہونے کی وجہ سے فائرنگ کی زد میں آگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ساوند اور کہری برادری کے درمیان جاری دیرینہ قبائلی تنازع کا شاخسانہ ہے۔

مبینہ طور پر کہری برادری سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

علاقے میں قبائلی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں نصیر آباد اور جھل مگسی کے اضلاع میں فائرنگ اور حادثات کے مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی جبکہ دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جھل مگسی کے علاقے گوٹھ ماہی فقیر میں مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں ملزم صدام حسین کٹوہر مگسی نے فائرنگ کر کے اپنی کزن اور امجد حسین مگسی کو زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق زخمی امجد کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب، نصیر آباد کے تھانہ نوتال کی حدود میں واقع گوٹھ واحد بخش میں رشتہ کے تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قربان علی نامی شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس نے مقتول کی لاش ہسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

اسی طرح منجھو شوری کے علاقے باری شاخ، گوٹھ غوث بخش کے مقام پر ایک افسوسناک روڈ حادثہ پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس نے تمام واقعات کے حوالے سے متعلقہ علاقوں میں قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

Share This Article