اورماڑہ: عظیم بلوچی شاعر مبارک قاضی کے نام پر منعقدہ پروگرام کی اجازت نامہ منسوخ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ساحلی شہر اورماڑہ میں بلوچی زبان کے عظیم شاعر مرحوم مبارک قاضی کے نام پر منعقدہ تقریب کے حوالے سے انتظامیہ نے پاکستان کی عسکری حکام کی ایما پر اپنے ہی جاری کردہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے پروگرام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مرحوم شاعر مبارک قاضی کے یومِ پیدائش کے موقع پر کل بروز 24 دسمبر 2025 کو منعقد ہونے والے پروگرام کے لیے جاری کردہ این او سی کو انتظامیہ نے اچانک منسوخ کر دیا اور اس سلسلے میں اورماڑہ کی مقامی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہ دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں بالا حکام کی جانب سے سخت احکامات موصول ہوئے ہیں، جن کے تحت مبارک قاضی کے نام پر کسی بھی قسم کی تقریب یا پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انتظامیہ کے اس اقدام پر ادبی حلقوں اور مقامی عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ بلوچی ادب سے وابستہ افراد نے مرحوم شاعر کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے مواقع محدود ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Share This Article