بلوچی زبان کے نامور طنزومزاح نگاراور صحافی اکرم صاحب خان کی یاد میں پسنی پریس کلب کی جانب سے ایک پروقار تقریب اور بلوچی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب پسنی پریس کلب کے صدر سخی کریم کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خاص سلمان کلمتی اور نیشنل پارٹی پسنی کے رہنما خدابخش سعید تھے۔
پروگرام کو دو اہم حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
خراجِ عقیدت اور یادگاری سیشن پروگرام کے پہلے حصے میں مرحوم اکرم صاحب خان کی زندگی اور خدمات کے متعلق شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نالج ان انگلش لینگوئج اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کے ایڈمنسٹریٹر اور پسنی پریس کلب کے نائب صدر راشد حیدر، معروف شاعر و ادیب موسیٰ امیت، لیکچرار و بلوچی زبان کے ادیب گلاب غالب، مرحوم اکرم صاحب خان کے صاحبزادہ ساحل اکرم،جنرل سیکرٹری پسنی پریس کلب ساجد نور اور شاعر عادل سجاد نے مرحوم کی ادبی خدمات، مزاحیہ شاعری اور بطور صحافی ان کے کردار پر روشنی ڈالی اور انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بلوچی مشاعرہ پروگرام کے دوسرے حصے میں بلوچی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں بلوچی زبان کے متعدد شاعروں نے حصہ لیا۔
شرکاء نے مرحوم اکرم صاحب خان کے فن کو سراہتے ہوئے اپنی تازہ شاعری اور کلام پیش کیا، جو سامعین میں بے حد پسند کیا گیا۔
اسٹیج کے فرائض معروف شاعر زبیر مختار اور موسیٰ امیت نے انتہائی خوش اسلوبی سے سرانجام دیے اور پروگرام کو منظم طریقے سے آگے بڑھایا۔