بلوچستان کے سونمیانی وندر کے ساحلی علاقے ڈام بندر سے چھوٹی ماہی گیر کشتی "ڈونڈا” جو سمندر میں ماہی گیری کے لئے گئی ہوئی ہے 7 روز سے لاپتہ ہے ۔
کشتی میں حیدر نامی ناخدا اور دو خلاصی سوار ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ لسبیلہ کی ساحلی پٹی ڈام بندر سے تعلق رکھنے والی چھوٹی ڈونڈا کشتی منگل 9 دسمبر کو معمول کے مطابق ماہی گیری کے لیے سمندر میں روانہ ہوئی تھی۔
تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود نہ تو کشتی واپس لوٹی ہے اور نہ ہی اس کے متعلق کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
جس کے باعث ماہی گیر برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ اور خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کشتی یا تو کسی حادثے کا شکار ہو چکی ہے یا کسی نامعلوم مقام پر پھنس گئی ہے۔
ماہی گیروں کے لواحقین اور ماہی گیر برادری نے فشریز ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان کوسٹ گارڈز اور پاک نیوی سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے اور لاپتا ماہی گیروں کی تلاش و بازیابی میں بھرپور تعاون کیا جائے۔
ساتھ ہی سمندر میں موجود دیگر ماہی گیروں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ اگر انہیں لاپتا کشتی یا ماہی گیروں کے بارے میں کوئی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام یا مقامی ماہی گیروں سے رابطہ کریں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔