پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل (پی آئی بی ٹی) نے اپنے کاروباری دائرہ کار میں نمایاں توسیع کرتے ہوئے پورٹ قاسم اتھارٹی اور ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ اہم معاہدے طے کرلیے ہیں۔
کمپنی نے ان معاہدوں سے متعلق تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دی ہیں۔
جاری کردہ خط کے مطابق ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ نئے معاہدے کے بعد پی آئی بی ٹی اب سونے اور تانبے کے کارگو کنسنٹریٹ کی ہینڈلنگ، اسٹوریج اور برآمد کی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے کمپنی کی خدمات روایتی بلک کارگو سے آگے بڑھ کر قیمتی معدنیات تک پھیل جائیں گی۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ کنسنٹریٹ کارگو کے معاہدے کے نتیجے میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ بھی ایک سپلیمنٹری امپلی مینٹیشن ایگریمنٹ پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے ذریعے ریکوڈک منصوبے سے برآمدات کے لیے آپریشنل اور انتظامی فریم ورک کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ ہونے والے اس اضافی معاہدے کے بعد پی آئی بی ٹی کو ریکوڈک سے معدنیات کی برآمد کے لیے اضافی مراعات اور خصوصی حقوق حاصل ہو گئے ہیں، جس سے کمپنی کی مسابقتی حیثیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔