بلوچستان کے علاقے دالبندین میں پاکستانی فورسز نے ایک مبینہ کارروائی میں 6 عسکریت پسندوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فورسز کے دعوے کے مطابق مارے گئے عسکریت پسند پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے، جن پر فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی جارہی تھی۔
دعوے میں مزید بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موزوں وقت پر ان کے ٹھکانےکو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، جس میں 6 عسکریت پسند مارے گئے۔
حسب روایت فورسز نے مارے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی فورسز اس طرح کی متعدد مبینہ کارروائیوں میں دہشتگردوں کو مارنے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے دعوے محض میڈیا کو جاری کردہ پریس ریلیز کے ذریعے کرتے رہتے ہیں جن میں اکثرمارے جانے والے افراد کی شناخت پہلے سے جبری لاپتہ افراد کے طور پر ہوتی رہی ہیں۔