کراچی اور کیچ سے 4 افراد فورسز ہاتھوں جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے 2افرادکو کراچی کے علاقے رئیس گوٹھ سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔ جبکہ کولواہ سے بھی اطلاعات ہیں 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

کراچی کے رئیس گوٹھ سے لاپتہ ہونے والوں کی شناخت عبدالستار ولد مراد شاہ اور محمد حاصل ولد خدا بندگ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں سِرنکن، کیچ کے رہائشی ہیں۔اور انہیںفورسز نے 10 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں متحدہ عرب امارات میں مزدوری کرتے تھے اور حال ہی میں چھٹیاں گزارنے کے لیے واپس آئے تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق، دونوں افراد کو تقریباً رات 12:30 بجے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں جو وردی اور سادہ لباس میں ملبوس تھے نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پیارے بے گناہ ہیں۔ وہ کسی غیر قانونی یا ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث نہیں تھے۔ وہ محنت مزدوری کر کے اپنے اہل و عیال، خصوصاً کم عمر بچیوں کا پیٹ پالتے تھے۔ ان کی جبری گمشدگی نے پورے خاندان کو شدید کرب، اذیت اور ذہنی صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے حکام سے فی الفور بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔

اہلخانہ نے واضح کیا کہ اگر ان کی فریاد پر توجہ نہ دی گئی تو وہ پرامن احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر مجبور ہوں گے۔

اہلخانہ نے مزید کہا کہ جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت گرفتاری ایک سنگین غیر قانونی اور غیر انسانی عمل ہے، جو آئین اور انسانی حقوق دونوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے کولواہ سے بھی دو افراد کو لاپتہ کیا گیا ہے جنکی شناخت منظور ولد محمد سکنہ آشال کولواہ اور بلال ولد اللہ بخش سکنہ آشال کولواہ کے نام سے ہوئی ہے۔

Share This Article