انڈیا کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں ایک سیاسی جلسے کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز جنوبی ضلع کرور میں اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کی انتخابی مہم کے ایک جلسے میں لاکھوں افراد جمع ہوئے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جلسہ کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر میں دکھایا گیا کہ بھیڑ میں لوگ بے ہوش ہو رہے ہیں۔
سیاستدان سنتھل بالاجی نے مقامی ہسپتال کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ مزید 50 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں جن کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریاستی وزیرِ صحت ما سبرامنین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہلاکتوں میں کم از کم 16 خواتین، 9 مرد اور 6 بچے شامل ہیں۔
تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ ایم کے سٹالن نے کہا کہ کچھ لوگوں کو بھگدڑ میں بے ہوش ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ قریبی اضلاع میں کام کرنے والے ڈاکٹروں سے اضافی مدد طلب کی گئی ہے۔