فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو پانچ سال قید کی سزا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو لیبیا کے صدر معمر قذافی سے لاکھوں یورو کے غیر قانونی فنڈز لینے کے مقدمے میں مجرمانہ سازش کا الزام ثابت ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

پیرس کی فوجداری عدالت نے اس کیس میں انھیں دیگر تمام الزامات جیسے کرپشن اور انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی طور پر مالی مدد لینے کے الزمات سے بری کر دیا ہے۔

سماعت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 70 سالہ نکولس سرکوزی نے کہا کہ یہ فیصلہ ’قانون کی حکمرانی کے لیے انتہائی اہم‘ ہے۔

واضح رہے کہ نکولس سرکوزی سنہ 2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر رہے۔

سرکوزی کا دعویٰ ہے کہ اس کیس کے ذریعے انھیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تاہم ان پر الزام تھا کہ انھوں نے قذافی سے ملنے والے فنڈز کو سنہ 2007 کی انتخابی مہم کے لیے استعمال کیا تھا۔

استغاثہ کا یہ بھی الزام تھا کہ سرکوزی نے قذافی سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مغربی ممالک کے سامنے ان کی ساکھ بہتر کرنے میں مدد کریں گے۔

سرکوزی کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور عدالتی حکم نامے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اگر اپیل بھی کرتے ہیں تو انھیں یہ وقت جیل میں ہی گزارنا ہو گا۔

اس کے علاوہ عدالت نے سرکوزی کو ایک لاکھ یورو جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

Share This Article