ضلع خضدار: زہری میں پاکستان فوج کی آبادی پر بمباری و ڈرون حملے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں پاکستانی فورسز نے گزشتہ دو روز کے دوران آبادی کو بمباری و ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جن میں مقامی افراد کو جانی و مالی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق زہری تراسانی کے قریب ایک مکان کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ علاقے میں ڈرونز کی پروازیں مسلسل جاری ہیں جس سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز زہری کے پہاڑی علاقے میں بھی ایک مکان پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی تھی، جس میں ہلاک ہونے والوں میں پندرانی قبیلے کے تین افراد شامل بتائے جاتے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز کے جیٹ بمبار حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی میں بلوچ آزادی پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، اور پانچ افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں بلوچ مسلح تنظیموں نے زہری کے مختلف علاقوں پر کنٹرول حاصل کیا تھا جس کے بعد سے پاکستانی فورسز کو کئی حملوں کا سامنا رہا جبکہ پاکستانی فورسز نے حالیہ مہینوں میں زہری و گردونواح میں فضائی نگرانی اور ڈرونز کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اگست سے اب تک زہری میں کم از کم جیٹ طیاروں کی بمباری اور ڈروں حملوں کے تین کی رپورٹس سامنے آچکی ہیں، تاہم بلوچ آزادی پسند تنظیموں نے پاکستانی فورسز کے دعوؤں کی تاحال تصدیق نہیں کی ہے۔

Share This Article