بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تگران سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لیکر جبری طورپرلاپتہ کردیا جبکہ بلیدہ سے ایک تشددزدہ نعش برآمدہوئی ہے۔
ضلع کیچ کے علاقے تگران میں فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔
لاپتہ کئے گئے شخص کی شناخت غلام سرور داد محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ 9 ستمبر کو پیش آیا جب فورسز نے تگران میں گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران غلام سرور کو گھر سے حراست میں لیا گیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ حراست کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا اور نہ ہی حکام نے ان کی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
غلام سرور کے اہلِ خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ کے پُناپ ایریا سے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق نعش کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے اور آنکھوں پر بھی چادر باندھی گئی تھی۔
علاقائی باشندوں نے بدھ کی رات تقریباً 10 بجے نعش کو دیکھا اور مقامی انتظامیہ کو اطلاع دی۔ تاحال مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔