پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں نامعلوم مسلح کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپر دیر کی تحصیل براول میں باڑہ رائفلز کی 163 ونگ پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
افغانستان کی سرحد سے چند سو میٹر کے فاصلے پر قائم یہ چیک پوسٹ ابتدائی طور پر عسکریت پسندوں کے قبضے میں چلی گئی تھی تاہم مقامی رضاکاروں کی مدد سے جوابی کارروائی میں انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 3 فوجی جوان ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔