پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے دو آبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعے پر مسلح افراد کے حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے۔
ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے مطابق دوآبہ کے علاقے طورہ وڑی میں فیڈرل کانسٹیبلری قلعے پر حملہ کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق عسکریت پسندوں کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوان ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔
ایس پی آپریشنز نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور ایف سی کی بھرپور جوابی کارروائی میں عسکریت پسند فرار ہو گئے۔
ایس پی اسد زبیر کا کہنا ہے کہ زخمی اہل کاروں کو دوآبہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او ہنگو نے دعویٰ کیاہے کہ ایف سی قلعے پرحملے میں ملوث عسکریت پسندوں کا سہولت کارپولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
ڈی پی او کے مطابق عسکریت پسندوں کے سہولت کار نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی تاہم جوابی کارروائی میں سہولت کار ہلاک ہو گیا۔
ایف سی قلعے پرحملے کےبعد علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے البتہ ماضی میں اس طرح کی حملوں کی ذمہ داری ٹی ٹی پی قبول کرتی رہی ہے۔