پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ میں خاور حسین نامی صحافی کی لاش گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔
صحافی کی شناخت ڈان نیوز کراچی کے رپورٹرکے طور پر ہوئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خاور حسین کی لاش حیدرآباد روڈ پر نجی ہوٹل کے باہر کھڑی ان کی گاڑی سے ملی، پولیس نے خاور حسین کی لاش ہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا کہ ڈان نیوز چینل سے وابستہ صحافی خاور حسین پراسرار طور پر گولی لگنے کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں، ان کی افسوسناک موت کے واقعے نے صحافتی برادری کو گہرے صدمے اور رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اس واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کی نوعیت نہایت مشکوک ظاہر ہوتی ہے اور موجودہ صورتحال میں متعدد سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔
ترجمان کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن خاور حسین کی اچانک موت کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور مرحوم خاور حسین کے اہلِ خانہ وا تمام رفقاء کار سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم پرزور طور پر مطالبہ کرتے ہیں کہ آئی جی سندھ پولیس اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیں، اگر تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آتی ہے کہ معاملہ خودکشی نہیں بلکہ کسی اور نوعیت کا ہے تو قوم کے سامنے اصل حقائق لائے جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے سخت ترین کارروائی کی جائے۔