بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں جمعرات بوقت 2:30 بجے اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی شہریوں کے مطابق جھٹکوں کے ساتھ ایک خوفناک آواز بھی سنائی د ی گئیں، جس نے صورت حال کو مزید تشویشناک بنا دیا۔
زلزلہ اس قدر غیر متوقع تھا کہ لوگ فوراً اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ خواتین، بچے اور بزرگ افراد سڑکوں پر آ گئے، اور کچھ دیر کے لیے شہر میں اضطراب کی کیفیت پھیل گئی۔
تاحال زلزلہ پیما مرکز یا سرکاری سطح پر زلزلے کی شدت یا نوعیت سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ جس کے باعث شہریوں میں قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔کچھ اسے روایتی زلزلہ قرار دے رہے ہیں تو بعض لوگ زیرزمین دھماکے یا دیگر قدرتی سرگرمیوں سے جوڑ رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے فوری معلومات فراہم کرنے اور کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔