بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں واقع ایک فلیٹ پر بروری تھانے کی پولیس نے چھاپہ مار کرصحافی سرفراز شاہ کو گرفتار کرلیا۔
تربت سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی سرفراز شاہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم گدروشیا پوائنٹ چینل کے سی ای او اور بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ ماس میڈیا کے طالب علم ہیں ۔
پولیس کی جانب سے گرفتاری کی وجہ فلیٹ کی کرایہ داری فارم جمع نہ کرنا بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب صحافتی حلقوں نے سرفراز شاہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی گرفتاری کی وجہ کو بدنیتی قرار دیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ کرایہ دار سے قبل یہ ذمہ داری مالک مکان کی ہوتی ہے۔
صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرفراز شاہ کی گرفتاری دراصل اُنہیں بطور رپورٹر دبانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔