بلوچستان کے ساحلی شہر اور سی پیک مرکز گوادر میں جوڈیشل لاک اپ سے 4 قیدی فرار ہوگئے جو اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔
جوڈیشل لاک اپ گوادر سے چار قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، فرار ہونے والے قیدی لاک اپ میں موجود ڈیوٹی پوسٹ سے ایک لوڈڈ ایس ایم جی میگزین اور ایک لوڈڈ جی تھری میگزین بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ قیدیوں کو چند ماہ قبل اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا تھا۔ فرار ہونے والوں میں علی بخش، وسیم، محیب اور شے حق شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ان چار قیدیوں میں سے تین کا تعلق دشت کے علاقے سے ہے جبکہ ایک قیدی تربت کا رہائشی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
تاحال ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل لاک اپ کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔