بلوچستان کے علاقے مچھ اور قلات میں دو مختلف روڈ حادثات میں 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
بولان میں مچھ کے قریب قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار مزدا گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔
سول ہسپتال مچھ کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت زبیر احمد ولد محمد ہاشم سکنہ کلی بنگلزئی، مچھ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کا نام وقار احمد ولد فیض الٰہی بتایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر زخمی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
مچھ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب قلات میں قومی شاہراہ پر مرجان کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک پروبکس کار الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے بعد زخمی اور ہلاک شخص کی لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ، جب کہ جائے حادثہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔