بلوچستان کے علاقے قلات میں گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے اسنیپ چیکنگ کی ۔اور سرکاری املاک کو نذر آتش کیا جبکہ اس دوران مسلح افراد اور فورسزمابین جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق قلات کے علاقے دشت گوران میں مسلح افراد نے مختلف سمتوں سے آکر مرکزی شاہراہ کو مکمل بند کرتے ہوئے ناکہ بندی کرکے اسنیپ چیکنگ کی۔
اس دوران جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے تمام اطراف سے علاقے کو گھیرے میں لے کر اپنی پوزیشن سنبھالیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گدان ہوٹل کے قریب روڈپر کام کرنے والی ایک تعمیراتی کمپنی کی تمام مشینری کو نذر آتش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف سی کی جانب سے پیش قدمی کی کوشش کی گئی لیکن مسلح افراد نے ان کی کوشش ناکام بنادی اور فورسز جائے وقوعہ سے فرار ہو گئیں۔
کہا جارہا ہے کہ اس دوران فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق جھڑپ وقفے وقفے سے جاری رہیں۔
علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
اب تک اس کارروائی کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔
البتہ گذشتہ روز بی ایل ایف کی "آپریشن بام” 3روز سے جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی جس کے حوالے سے تنظیم کے ترجمان میجر گہرام بلوچ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے تمام اہداف مکمل کرلئے گئے ہیں، 84 حملوں میں50 اہلکار ہلاک ہوگئے۔