بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ذیشان زہیر کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کیچ زون کی جانب سے آج بروز جمعرات کو احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔
ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھیجنہوں نے بلوچ نسل کشی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
شرکاء نے ریاستی جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ذیشان زہیر سمیت تمام ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے متاثرین کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔
ریلی میں شریک مظاہرین نے کہا کہ بلوچستان میں پرتشدد واقعات، جبری گمشدگیاں اور ٹارگٹ کلنگ اب ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں اور اس سلسلے کو فوری طور پر روکا جائے۔
احتجاج نے بلوچستان میں بڑھتے ہوئے عوامی غم و غصے اور ظلم و جبر کے خلاف مشترکہ آواز کو واضح طور پر اجاگر کیا۔
شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ انصاف کے حصول تک اپنی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بی وائی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج بلوچستان میں بڑھتے ہوئے عوامی غم و غصے اور تشدد، گمشدگیوں اور ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کو ختم کرنے کے اجتماعی مطالبے کی عکاسی کرتا ہے۔