بلوچستان کے علاقے پنجگور اور تربت میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 طالب علم ہلاک ہوگئے جبکہ دکی میں بیٹے نے اپنے والد کو قتل کردیا۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مدرسے کا 13 سالہ طالب علم ہلاک ہوگیا۔
واقعہ پنجگور کے علاقے سوردو میں پیش آیا، جہاں مدرسے کا کمسن طالبعلم پذیر ولد علی دوست کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ روزمرہ کے معمول کے مطابق گھر سے روٹی لینے کے لیے نکلا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق، حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھے، جنہوں نے فائرنگ کی، طالبعلم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
لاش کو سریکوران پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر ٹیچنگ ہسپتال سٹی منتقل کیا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے یونیورسٹی کے طالب علم ہلاک ہوگیا۔
مذکورہ نوجوان کی شناخت دولت ولد چار شمبے کے نام سے ہوئی جو ہوشاپ کے علاقے تل کے رہائشی ہیں اور یونیورسٹی کے طالب علم بتائے جاتے ہیں۔
ذرئع کے مطابق انہیں گاڑی میں سوار مسلح افراد نے نشانہ بنایا جو موقع پر ہلاک ہوگیا۔
دریں اثنا دکی کے خالہ شہر کے علاقے میں بیٹے نے معمولی تکرار پر سوئے ہوئے والد پر پتھر کا وار کرکے اپنے والد کی جان لے لی ۔
لیویز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت فضل محمد ولد رسول محمد مرگانی ترین ساکن خالہ شہر کے نام سے ہوگئی ہے۔
لاش کو ضروری کاروائی کیلئے سول ہسپتال دکی منتقل کردیا گیا ہے۔