امریکی میڈیا میں ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے باعث ملک کے جوہری پروگرام کے اہم ترین حصے تباہ نہیں ہوئے اور ممکنہ طور پر اس حملے کے باعث ایران کا جوہری پروگرام چند ماہ پیچھے چلا گیا ہے۔
سی این این اور نیویارک ٹائمز نے امریکہ کی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے ابتدائی جائزے کا حوالہ دیا ہے، جو بعد میں تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔
تاہم پینٹاگون نے بی بی سی کو وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا بیان بی بی سی کو بھیجا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ ’جو کچھ ہم نے اور میں نے دیکھا ہے اگر اس کا جائزہ لیا جائے تو ہماری بمباری نے ایران کی جوہری ہتھیار بنانے کے صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔
’ہمارے بڑے بم تمام اہداف پر درست مقام پر گرائے گئے اور انھوں نے اپنا کام کیا۔ اس بمباری کا نتیجہ ایران میں اس پہاڑی کے نیچے موجود ملبے کی صورت میں پڑا ہے، اس لیے جو بھی یہ کہہ رہا ہے کہ یہ بم تباہ کن نہیں تھے وہ صدر اور اس کامیاب مشن کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘