تربت : صحافیوں کا مشترکہ اجلاس، مکران یونین آف جرنلسٹس کا قیام

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مکران ڈویژن کے تربت پریس کلب، گوادر پریس کلب، پنجگور پریس کلب، اورماڑہ اور پسنی پریس کلب کے صحافیوں کے ایک مشترکہ اجلاس میں "مکران یونین آف جرنلسٹس "کے نام سے ایک ایک تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ۔

اجلاس میں ساجد نور کی سربراہی میں مکران یونین آف جرنلسٹس کی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری کی گئی اعلامیہ میں کہا گیا کہ مکران ڈویژن کے صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق، فلاح و بہبود اور آزادیٔ صحافت کے تحفظ کے لیے مکران یونین آف جرنلسٹس کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں آج ضلع کیچ کے علاقے بلن دشت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مکران بھر کے پریس کلبوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں گوادر پریس کلب، تربت پریس کلب، پنجگور پریس کلب، پسنی پریس کلب اور اورماڑہ پریس کلب کے عہدیداران و اراکین نے شرکت کی۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ مکران کی سطح پر صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے اور اتحاد و یکجہتی کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم ناگزیر ہے۔

اجلاس کے اختتام پر ایک پانچ رکنی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی، جس میں ساجد نور (پسنی پریس کلب) کو آرگنائزر، طارق مسعود (تربت پریس کلب) کو ڈپٹی آرگنائزر منتخب کیا گیا جب کہ م تین دیگر ممبران میں نور محسن (گوادر پریس کلب) عمر ماجد (پنجگور پریس کلب) اور محفوظ بلوچ (اورماڑہ پریس کلب) کا چناؤ کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے امید ظاہر کی کہ مکران یونین آف جرنلسٹس آزادی رائے کے اظہار، صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ، مکران کے صحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Share This Article