ایران میں قائم کیمیکل پلانٹ پر آتشزدگی کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تہران سے ایک ہزار 200 کلومیٹر جنوب میں بوشہر صوبے کے کاویہ پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے اٹھنے والے دھوئیں کی تصاویر نشر کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ آگ کی شدت دیکھ کر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
شہر دائیر کے گورنر علی رضا سجادی نے ایرانی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ کمپلیکس کی مخصوص بندرگاہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
صوبہ بوشہر کے ڈائریکٹرجنرل کوروش دہغان کے مطابق ویلڈنگ آپریشن کی وجہ سے آگ لگی اور دھماکے ہوئے جس کی وجہ سے اموات ہوئیں۔
واضح رہے ایک ماہ قبل ایران کی بندر عباس کی شاہد راجائی بندرگاہ پر بھی دھماکے ہوئے تھے، جس میں 58 افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، ایرانی حکام نے نے اس پر غفلت کا نتیجہ قرار دیا تھا۔