بابا مری کی زندگی قومی مقاصد کے لیے مشعلِ راہ ہے، بلوچ وومن فورم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ ویمن فورم نے بلوچ قوم کے معروف قومی رہنما بابا خیر بخش مری کی 11ویں برسی کے موقع پر اُنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی مکمل طور پر بلوچ قوم کے قومی مفادات کے لیے وقف تھی۔ ان کے خیالات اور جدوجہد کا محور ایک ایسا قومی مستقبل تھا جو ہر طرح کی محرومیوں اور مظالم سے پاک ہو۔

فورم کی ترجمان کا کہنا تھا کہ بابا مری کا طرزِ زندگی اور نظریاتی وابستگی آئندہ نسلوں کے لیے ایک رہنمائی ہے جسے اپناتے ہوئے بلوچ قوم کی وحدت اور وقار کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا مری اور شہید نواب اکبر خان بگٹی کے درمیان قومی وحدت کے حوالے سے ہونے والی مسلسل گفتگو اور فکری اشتراک اس بات کا ثبوت ہیں کہ بابا مری ایک متحدہ قومی سوچ کے علمبردار تھے۔

ترجمان نے کہا کہ بابا مری ہمیشہ اس بات کے مخالف رہے کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرایا جائے جن سے قومی نقصان ہوا۔ انہوں نے ماضی سے سیکھتے ہوئے بلوچ جدوجہد کو ایک نئی نظریاتی بنیاد فراہم کی جس کی بدولت وہ جدید بلوچ قوم پرستی کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

بابا مری ترقی کے اس تصور کو مسترد کرتے تھے جو مظلوم قوموں پر مزید استحصال کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ان کی خاموشی تک ایک موثر احتجاج بن گئی تھی جس سے انہوں نے بلوچ دشمن بیانیوں کا مقابلہ کیا۔بلوچ وومن فورم نے ان کے قومی خواب کی بھرپور توثیق کرتے ہوئے تمام بلوچ سیاسی حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظالم کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ایک مضبوط قومی صف بندی کے لیے آگے آئیں۔

Share This Article