خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نا معلوم مسلح افراد نے کوئٹہ جانے والے تعمیراتی کمپنی کے 15 ملازمین اغوا کرلئے ،جن میں سے 5 کو چھوڑدیا گیا۔
یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان سے بلوچستان کے شہر ژوب جانے والی شاہراہ پر تھانہ درابن کی حدود میں پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق تعمیراتی کمپنی کے لگ بھگ 15 ملازمین دو سے تین گاڑیوں میں کوئٹہ کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں گرہ خان کے مقام پر مسلح افراد نے ان کی گاڑیوں کو روکا اور اسلحے کے زور پر انھیں گاڑیوں سمیت ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ہیں۔
پولیس نے انسداد دہشت گردی کے محکمے سی ٹی ڈی کو مراسلے میں لکھا ہے کہ تعمیراتی کمپنی کے ملازمین موٹر کار فیلڈر اور سنگل کیبن میں جا رہے تھے جنھیں 14 سے 15 مسلح افراد اسلحہ کے زور پر نا معلوم مقام کی طرف لے گئے ہیں۔
درابن پولیس کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ایک گاڑی میں سوار پانچ افراد واپس آگئے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ان کی گاڑی جنگل میں پھنس گئی تھی اس لیے مسلح افراد انھیں چھوڑ کر باقی لگ بھگ 10 ملازمین کو ساتھ لے گئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق ان ملازمین کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جس میں پولیس کے ساتھ سکیورٹی فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن ، کلاچی ، مڈی ، زر کنڑی اور قریبی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں اور ان علاقوں میں اغوا کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔