بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے اپنے ایک بیان میں خضدار میں امن فورس کے اہلکاروں کو ہلاک اور خاران میں پولیس اہلکاروں کا اسلحہ ضبط کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان نے کہا کہ اکتیس مئی بروز ہفتہ دن گیارہ بجے کے قریب سرمچاروں نے خضدار نال میں پڑیچ ہوٹل کے قریب ریاستی سرپرستی میں چلنے والی نام نہاد امن فورس کے دو اہلکاروں کو گھات لگا کر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار ہلاک ہوئے اور سرمچاروں نے ان کا اسلحہ ضبط کرلیا۔
ترجمان نے کہا کہ نال شہر میں ریاست نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اسلم بزنجو کے فرزند شاہ میر بزنجو کی سرپرستی میں ڈیتھ اسکواڈ کے ایک گروہ کو بلوچ قومی تحریک کے خلاف متحرک کیا ہے جنہیں نام نہاد امن فورس کا نام دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ امن فورس اور بلوچستان کے تمام ڈیتھ اسکواڈ کے سربراہوں اور اہلکاروں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ریاست کے لئے استعمال ہونے سے گریزاں رہیں ورنہ انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوسری کاروائی سرمچاروں نے آج دو پہر ایک بجے خاران شہر میں سر انجام دی۔سرمچاروں نے خاران شہر میں شاہوانی چوک کے قریب ناکہ لگائے پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا ان کا سرکاری اسلحہ ضبط کیا اور بلوچ ہونے کے ناطے تنبیہ کرکے باعزت چھوڑدیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بی ایل ایف ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور ان تمام لوگوں کو تنبیہ کرتی ہے کہ قابض ریاست کے ہاتھوں استعمال ہونے سے گریزاں رہیں ورنہ انجام دشمن فورسز کی طرح ہوگا۔