بلوچ انسانی حقوق محافظوں کی رہائی کی مشترکہ اپیل بروقت اورقابل تعریف ہے، سمی دین

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما سمی دین بلوچ نے عالمی انسانی حقوق اداروں کی جانب سے بلوچستان میں آزادی اظہار پر قدغن اور انسانی حقوق کے محافظوں کو ہراساں کرنے کے ریاستی اقدامات کے خاتمے کی اپیل پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشین فورم فار ہیومن رائٹس اینڈ ڈویلپمنٹ (FORUM-ASIA)، فرنٹ لائن ڈیفنڈرز، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس (FIDH) اور ورلڈ آرگنائزیشن اگینسٹ ٹارچر (OMCT) کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے بلوچ انسانی حقوق کے محافظوں کی رہائی اور جاری کریک ڈاؤن کے خاتمے کے لیے مشترکہ اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اپنی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کو نبھانے پر زور دینے میں ان کا اصولی موقف نہ صرف بروقت بلکہ قابل تعریف ہے۔

واضع رہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی چار دیگر تنظیموں نے مشترکہ طور پر بلوچستان میں آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کے اپنے حقوق کا استعمال کرنے والے بلوچ انسانی حقوق کے محافظوں کو ہراساں اور من مانی حراست کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

پانچوں تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشین فورم فار ہیومن رائٹس اینڈ ڈویلپمنٹ (FORUM-ASIA)، فرنٹ لائن ڈیفنڈرز، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس، ورلڈ آرگنائزیشن اگینسٹ ٹارچر نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل کہ بلوچ انسانی حقوق کے محافظوں کی رہائی اور پاکستان کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کے مطابق اختلاف رائے کے خلاف کریک ڈاؤن کو ختم کرے ۔

Share This Article