پاکستان نے انڈین عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تیز رفتار میزائل استعمال کیے،انڈین فوج

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

انڈین فوج نے کہا ہے کہ پاکستان نے مغربی محاذ پر فوجی کارروائی کے دوران انڈین عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تیز رفتار میزائل استعمال کیے، جس سے محدود پیمانے پر نقصان ہوا۔

انڈین فوج کی کرنل صوفیہ نے پریس کانفرنس کا آعاز کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے یو کیب ڈرونز، لانگ رینج ہتھیار، گولے بارود اور جنگی طیاروں کا استعمال کر کے انڈین فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر سرینگر سے نلیا تک 26 سے زیادہ مقامات پر فضائی دراندازی کی کوششیں کی گئیں لیکن انڈین فوج نے کامیابی سے اپنا دفاع کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور اور بھج، بھٹنڈا سٹیشن جیسے ایئر سٹیشنز پر سازوسامان اور اہلکاروں کو نقصان پہنچا۔‘

’میں یہ بھی بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان نے ہائی سپیڈ میزائل صبح ایک بج کر 40 منٹ پر استعمال کر کے پنجاب کے ایئربیس سٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ایک قابل مذمت اور غیر پیشہ ورانہ حرکت کے ذریعے پاکستان نے سرینگر، اونتی پور اور ادھم پور میں فضائیہ کے ایئربیس پر صحت کے مراکز اور سکول کو بھی نشانہ بنایا۔‘

دوسری جانب اسی پریس کانفرنس میں سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا کہ ’میں پہلے بھی متعدد مواقع پر کہہ چکا ہوں کہ پاکستانی اقدامات نے اشتعال انگیزی اور کشیدگی کو جنم دیا۔‘

انھوں نے پاکستانی دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’آج صبح سویرے ہم نے اس بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز انداز کو دوبارہ دیکھا اور ذمہ دارانہ اور نپے تلے انداز میں دفاع کیا۔‘

اس سے قبل انڈین وزارت دفاع نے کہا تھا کہ مغربی محاذ پر پاکستان کی جانب سے ڈرون دراندازیوں اور گولہ بارود کے ذریعے کشیدگی کو بڑھانا انتہائی تشویشناک ہے۔

ایکس پر اپنے بیان میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ انڈیا کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی یہ کوشش ناقابل قبول ہے۔

وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ ’آج صبح تقریباً پانچ بجے امرتسر میں خاصہ کینٹ پر متعدد مسلح ڈرونز کی نشاندہی کی گئی اور ہمارے فضائی دفاعی یونٹ نے فوری جواب دیتے ہوئے انھیں ناکارہ بنا دیا۔‘

ادھر پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نور خان ایئربیس، مرید ائیربیس اور شور کوٹ پر انڈیا نے میزائل داغے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا نے کچھ دیر قبل طیاروں کے ذریعے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے راولپنڈی کی نور خان بیس، شورکوٹ بیس اور مرید بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں پاکستان فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔

انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انڈیا نے افغانستان کی جانب بھی میزائل داغے ہیں اور وہ پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان نے انڈیا کو تنبیہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’اب آپ ہمارے جواب کا انتظار کریں۔‘

Share This Article