بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں فوجی اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے موسیٰ کالونی میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی نے اپنے ہی بڑے بھائی کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقتول کی شناخت مقامی رہائشی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب گنداخہ کے نواحی گائوں نوخاب خان جمالی میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 20 سالہ فوجی اہلکار محمد عالم ولد جڑیا خان جمالی ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول فوجی اہلکار کچھ روز قبل شادی کرنے کیلئے چھٹی پر گھر آیا تھا اور گزشتہ ہفتے ہی اس کی شادی ہوئی تھی۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال اوستہ محمد منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا دالبندین میں موٹرسائیکل اور زمباد کاڑ میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اوردوسرازخمی ہوگیا۔
دالبندین کے علاقے ڈی سی کمپلیکس کے قریب موٹرسائیکل اورزمباد گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں عنایت اللہ ہلاک جبکہ ریاض شدیدزخمی ہوگیا ۔
مقامی انتظامیہ نے نعش اورزخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا جہاں نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا ۔
انتظامیہ مزید کارروائی کر رہی ہے۔