بلوچستان کے علاقے چمن میں پانی کے ٹینک کی صفائی کرتے ہوئے زہریلی گیس کے باعث 7 مزدور ہلاک ہوگئے۔
پولیس افسر محمد محسن نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مزدور ٹینک کی صفائی میں مصروف تھے کہ اس دوران زہریلی گیس کے باعث ان کی حالت غیر ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کے ٹینک کے اندر موجود مزدوروں کو بچانے کے لیے دیگر مزدور بھی اس میں کود گئے اور زہریلی گیس کی وجہ سے ان کی حالت بھی غیر ہوگئی اور ان سب کی موت ہوگئی۔
واقعے کے بعد مزدوروں کی لاشوں کو سول ہسپتال چمن منتقل کیا گیا جہاں واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی تھی۔
مقامی افراد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ پانی کا ٹینک چمن میں ٹرنچ روڈ پر موجود ایک معروف دکان کے نیچے قائم ہے۔
ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد مزدوروں کی لاشوں کو ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 20 مارچ کو بلوچستان کے علاقے ڈیگاری مچھ میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 7 کان کن جاں بحق ہوگئے تھے۔