بلوچستان کی کٹھ پتلی حکومت نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں لیویز کے زیرانتظام بی ایریاز کو اے ایریا میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ یہ اقدام بلوچ عسکریت پسندوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے پیش نظر عسکری اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر ٹھایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ داخلہ نے اخراجات، درکار اسلحہ وسائل کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے آئی جی پولیس بلوچستان کو لکھے گئے مراسلے میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر بلوچستان کے تمام اضلاع میں لیویز کے زیر انتظام بی ایریا کو پولیس کے زیر انتظام لانے کے لئے تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس اس حوالے سے تفصیلی پلان اور تبدیلی کے لئے درکار وقت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کریں ۔
مراسلے میں بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کرنے کے مالی اثرات و اخراجات، درکار اسلحہ ، ٹیکنالوجی سمیت دیگر ضروری تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں ۔
آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اس حوالے سے رپورٹ مرتب کر کے جمع کروائیں۔