کوئٹہ: سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر حملہ ، 3 اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر مسلح افراد کے حملے میںانسپکٹر سمیت 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مستونگ روڈ پر شیخ زید اسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر حملہ کیا۔

ہلاک اہلکاروں میں ایک کی شناخت سب انسپکٹر عبدالولی تنولی کے نام سے ہوگئی جب کہ فائرنگ سے پولیس موبائل کا ڈرائیور ایک دیگر اہلکار کے ساتھ زخمی ہوا۔

ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کرکے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات فورسز اور انتظامیہ کررہا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں3 پولیس اہلکاروں کی ہلاک کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان شاہد رند کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں۔

شاہد رند نے واقعے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 5 مسلحافراد کو ہوٹل کے باہر کھڑی پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے کے بعد اطمینان سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، مسلح افراد تقریباً 2 منٹ تک جائے وقوعہ پر موجود رہے اور پولیس موبائل پر فائرنگ کرتے رہے۔

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عسکریت پسند نے جسم پر آزاد بلوچستان کا پرچم بھی بھی لپیٹ رکھا ہے۔

دوسری جانب اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

Share This Article