بلوچستان کے علاقے لوالائی میں ٹرک اور کار میں تصادم سے ایک شخص ہلاک اور خواتین سمیت6افراد زخمی ہوگئے جبکہ پسنی میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایرانی گیس لے جانیوالا باوزر پل سے گر کر تباہ،2 افراد زخمی ہوگئے۔
~
لوالائی کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ خواتین سمیت6افراد زخمی ہوگئے۔
بدھ کو لورالائی کے قریب فتح خان قلعہ کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص شمس الدین نامی شخص جبکہ خواتین سمیت6افرادزخمی ہوگئے ۔
ہلاک اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں 4زخمیوں کوابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
دوسری جانب ضلع گوادر کے تحصیل پسنی میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایرانی گیس لیجانے والا بائوزر پل سے نیچے گر کر تباہ ہوگیا اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
بدھ کی صبح گوادر سے کراچی جانیوالا گیس باوزر مکران کوسٹل ہائی وے پر سوڈ پل پر بے قابو ہوکر پل سے نیچے گرگیا، جس سے بائوزر میں آگ بھڑک اٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے باوزر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس دوران مکران کوسٹل ہائی وے پر کئی گھنٹے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جبکہ بائوزر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، باوزر میں موجود ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی امداد فراہم کرنے کے لیے پاک عمان ہسپتال پسنی منتقل کردیاگیا۔